وزیراعظم شہباز شریف کا قومی شناخت کے تحفظ پر زور

شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی یومِ ثقافتی ورثہ کا عالمی سطح پر منایا جانا اس کی غیر معمولی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ثقافتی ورثہ سماجی تنوع کی عکاسی کرتا ہے اور ہمارے ماضی، حال اور مستقبل کو آپس میں جوڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ورثہ نہ صرف ہماری تاریخ کی حفاظت کرتا ہے بلکہ موجودہ دور کی ترجمانی کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کے لیے بنیاد فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان ایک ہمہ جہت تہذیب کا حامل ملک ہے جس کی سرزمین قدیم ترین تہذیبوں کی امین رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ثقافتی ورثہ انسانی تخلیقی صلاحیت اور تنوع کی ایک خوبصورت مثال ہے جو دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے اس موقع پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کریں اور اس کے تحفظ اور فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ثقافتی ورثہ ہماری قومی شناخت اور اتحاد کی اصل روح ہے، اور ہمیں مل کر اس قیمتی اثاثے کی حفاظت اور اس کا جشن منانا چاہیے۔











